فلسطینیوں کا مفاد اولین ترجیح، سب کے لیے امن کی بات کریں گے،ولی عہد

 
0
328

ریاض مارچ 17(ٹی این ایس)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اپنے تاریخی دورہ امریکا کے دوران باور کرایا ہے کہ سعودی عرب فلسطینیوں کے مفادات کی حمایت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور امریکا کے تاریخی تعلقات 80 سال پر محیط ہیں۔ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں امریکا کا پرانا حلیف ہے۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ ان کا ملک مشرق وسطیٰ میں امن کا عمل آگے بڑھانے کے لیے ہرممکن کوششیں جاری رکھے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جارڈ کوشنر کی زیرنگرانی امن مساعی کو سعودی عرب کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ سعودی عرب تمام فریقین کے لیے امن کی بات کرتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں فطری طورپر امن کی بات کرتا ہوں۔ ہمیں کشیدگی پیدا کرنے کی بات نہیں کرنا چاہیے۔ میں فلسطینیوں کے حقوق اور مفادات پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ سب کے مفاد کی بات کرتا ہوں۔