سستے ترین شہروں کی فہرست میں کراچی چھٹے نمبر پر موجود

 
0
362

اسلام آباد مارچ 18(ٹی این ایس)دی اکنامک انٹیلی جنس یونٹ کے مطابق دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں کراچی چھٹے نمبر پر ہے، سروے میں سنگاپور دنیا کا سب سے مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔اکنامک انٹیلی جنس یونٹ کی تازہ ترین رپورٹ میں دنیا بھر کے مہنگے ترین اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کردی گئی۔رپورٹ میں دنیا کے بڑے شہروں میں معیار زندگی اور روزمرہ ضروریات پر آنے والے اخراجات پر تحقیق کی گئی ہے۔ رپورٹ میں 93 ممالک میں 150 مصنوعات اور خدمات کی جانچ کی گئی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے فہرست مرتب کی گئی۔133 شہروں میں سے سستے ترین شہروں کی فہرست میں شام کا شہر دمشق پہلے نمبر پر، وینزویلا کا کراکاس دوسرے، قازقستان کا الماتے تیسرے، نائیجیریا کا شہر لاگوس چوتھے، بھارت کا بنگلور پانچویں جبکہ چھٹے نمبر پاکستان کا شہر کراچی ہے۔رپورٹ کے مطابق دنیا کے سستے ترین شہروں کراچی، الجائرز، الماتے اور لاگوس کو سیاسی، سیکورٹی اور انفرااسٹرکچر کے مسائل کا سامناہے۔رپورٹ میں سنگاپور کو دنیا کا مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔