مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کی ایرانی خارجہ امور سے متعلق سٹرٹیجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی کی قیادت میں ایرانی وفد سے ملاقات

 
0
380

اسلام آباد ، مارچ  27 (ٹی این ایس):  قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے ایرانی خارجہ امور سے متعلق سٹرٹیجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی کی قیادت میں ایرانی وفد نے ملاقات کی۔ کمال خرازی ایران کے صدر اور سپریم لیڈر کے تھنک ٹینک کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی، دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔

قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کا کلچر اور تاریخ مشترک رشتے میں بندھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایشیاء کو دوسرے خطوں اور دنیا سے منسلک کر سکتے ہیں۔ کمال خرازی نے کہا کہ ایران کو پاکستان کے ساتھ مواصلاتی رابطوں سے منسلک کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مل کر چیلنجز کو مواقع میں بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام کے باعث دونوں ملکوں کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے۔