امریکا میں شدید برفانی طوفان ، کاروبار زندگی مفلوج،تعلیمی ادارے،دفاتر بند 

 
0
338

نیویارک, مارچ 22(ٹی این ایس) : امریکا کی مشرقی اور شمالی ریاستوں میں رواں ماہ کے چوتھے برفانی طوفان نے کاروبار زندگی مفلوج کر دیا۔ نیویارک اور بوسٹن شدید برفباری کی لپیٹ میں ہیں جبکہ واشنگٹن، ورجینیا اور میری لینڈ میں سکول اور سرکاری دفاتر بند کرنا پڑگئے۔غیرملکی خبر رسا ں ادارے کے مطابق امریکا کی مختلف ریاستیں ان دنوں شدید برفباری کی لپیٹ میں ہیں، نیویارک ، بوسٹن، واشنگٹن ڈی سی، ورجینیا، میری لینڈ، بالٹی مور میں برفباری جاری ہے۔ واشنگٹن ڈی سی، ورجینیا اور میری لینڈ میں سکول اور سرکاری دفاتر بند ہیں، نیویارک میں سنو ایمرجنسی نافذ کرنا پڑی۔کئی مقامات پر بجلی منقطع ہوگئی، امریکی ایئرلائنز نے ہزاروں پروازیں منسوخ کر دیں۔ امریکی محکمہ موسمیات نے نارتھ کیرولینا سے میساچیوسٹس کے درمیان طوفان کا انتباہ جاری کیا ہے جس میں چھ کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوں گے۔نارتھ ایسٹرن نامی طوفان بحیرہ اوقیانوس سے شروع ہوا جو ورجینیا اور واشنگٹن سے ہوتے ہوئے جمعرات کے روز بوسٹن، میساچیوسٹس میں ختم ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی نیو جرسی، جنوب مشرقی نیویارک اور جنوب مغربی کنیٹی کٹ کے وسیع علاقے پر برف کی 18 انچ چادر بچھ جائے گی۔