میں نے کیمرون بینکرافٹ کو بال خراب کرنے کا کہاتاکہ ہم نئی گیند حاصل کر سکیں : آسٹریلوی کپتان کا اعتراف جرم

 
0
407

کیپ ٹاؤن، مارچ 25 (ٹی این ایس):آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان سٹیو سمتھ کا کہنا ہے انہوں نے کیمرون بینکرافٹ کو بال خراب کرنے کا کہاتاکہ ہم نئی گیند حاصل کر سکیں کیونکہ اس میچ میں نئی گیند سے وکٹیں ملی ہیں ۔

کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا اور ساوتھ افریقہ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ جاری ہے جہاں ساؤتھ افریقہ کو 294رنز کی برتری حاصل ہے ۔میچ اور سیریز میں شکست نظر آتی دیکھ کرآسٹریلیا کے کپتان سٹیو سمتھ نے میچ بچانے کے لئے غیر قانونی طریقے سے گیند کو تبدیل کروانے کا فیصلہ کیا اور اس کام کے لئے انہوں نے کیمرون بینککرافٹ کو ٹاسک دیاگیا لیکن ان کو ممکنہ طو ر پرملنے والی خوشی اس وقت خاک میں مل گئی جب ان کا” فوجی“کیمرے کی زد میں آگیا اور میدان میں موجود میچ آفیشلز نے انہیں پکڑ لیا۔

میچ کے اختتام پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے سٹیو سمتھ کا کہنا تھا کہ دباﺅ میں آپ سے کوئی بھی غلط کام ہو سکتا ہے ،گیند کوخراب کرنے کا فیصلہ ہماری پوری لیڈ رشپ نے کیا جو ہمارے ساتھی کھلاڑی ہیں اس میں ٹیم کا کوئی آفیشل یا کوچ ملوث نہیں ،یہ خالصتا ہمارا منصوبہ تھا اور اس کی ذمہ داری قبول کر تا ہوں اور وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ کبھی بھی ایسا نہیں ہوگا ۔ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد میں استعفی بھی نہیں دوں گا۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق میچ کے دوران کچھ فوٹیج زیر بحث ہیں جن میں دیکھا جاسکتاہے کو چ ڈیرن لیہمن اور ٹیم کے بارھویں کھلاڑی پیٹر ہینڈسکومب کے درمیان کچھ گفتگو ہوئی اور کوئی پیغام بینکرافٹ تک پہنچایا گیا،تاہم سمتھ اس بات سے انکاری ہیں کہ کوئی بھی آفیشل  اس میں شامل ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران کیمرون بینکرافٹ کا کہنا تھا کہ مجھے پر میچ آفیشل نے چارج لگایا ہے کہ میں نے گیند کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے ۔
واضح رہے اس سے قبل بھی سٹیو سمتھ پر اس طرح کے الزامات انگلینڈ کے ساتھ سیریزمیں لگا ئے گئے جس میں برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ہونٹوں سے کوئی چیز لگا کر بال کو شائن کرنے کی کوشش کی تھی ،لیکن سٹیو سمتھ کا کہنا تھا کہ بال کو کچھ نہیں لگا یا گیا تھا یہ صرف میڈیا کا پراپیگنڈ ا ہے۔