اسرائیل اب فلسطینی مظاہرین کو منتشر اور کنٹرول کرنے کے لئے ڈرون استعمال کرے گا،وہاں بھی جہاں اس کی فورسز نہیں جا سکتیں

 
0
430

تل ابیب، مارچ 25 (ٹی این ایس):اسرائیل فلسطینی مظاہرین کو منتشر اور کنٹرول کرنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہتا ہے۔ اب ڈرون کے ذریعے ان علاقوں میں بھی آنسو گیس پھینکے گا، جہاں اس کی سکیورٹی فورسز نہیں جا سکتیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حماس نے30مارچ سے غزہ اسرائیل سرحد پر پرامن مظاہرے کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ سرحد کے قریب خیمے لگائے جا رہے ہیں اور ممکنہ طور پر اس احتجاج میں ہزاروں فلسطینی شریک ہوں گے، اس دوران اسرائیلی سرحدی پولیس ان کے خلاف نئی ٹیکنالوجی پر مبنی آنسو گیس گرانے والے ڈرون استعمال کرے گی،اسی طرح مئی کے وسط میں اسرائیل اپنی آزادی کا دن منائے گا، جسے عربی زبان میں یوم النکبہ قرار دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر بھی بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور خدشہ ہے کہ یہ مظاہرے بھی پرتشدد ہوں گے۔
دوسری جانب امریکا نے اسی موقع پر اپنے سفارت خانے کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کی وجہ سے احتجاجی مظاہرے پھیل بھی سکتے ہیں۔اسرائیلی بارڈر پولیس کے ڈپٹی کمشنر یاکوو شابتائی کا ایک اسرائیلی ٹیلی وڑن سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آنسو گیس ڈرون سکیورٹی فورسز کی مظاہرین تک رسائی میں اضافہ کر دیں گے، ایک فضائی گاڑی (ڈرون) ایک ہی وقت میں آنسو گیس کے6 کنستر لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔