داعش کے چالیس ہزار جنگجو اس وقت دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں،سعودی عرب

 
0
340

پیرس،مارچ 25(ٹی این ایس): سعودی عرب کے ڈپٹی جنرل انٹیلی جنس چیف میجر جنرل احمد عسیری نے کہا ہے کہ ایران اپنی ملیشیاؤں کی مدد سے خطے میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں انسداد انتہا پسندی اور دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے حوالے سے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب میں جنرل عیسری نے کہا کہ یمن، شام اور لبنان میں ایران نے اپنے حامی پال رکھے ہیں جن کی مدد سے ان ملکوں میں دہشت گردی پھیلائی جا رہی ہے۔پیرس میں منعقدہ کانفرنس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور فرانس سمیت دیگر ممالک کے سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔جنرل عسیری نے اپنے خطاب میں دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے آہنی عزم کی ضرورت پرزور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک عالم گیر مسئلہ ہے جس کے پیچھے ایران جیسے ممالک کا بھی ہاتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران تہران اپنے ولایت فقیہ کے نظام کو پورے خطے میں پھیلانے کے خواب دیکھ رہا ہے اور اس کا خیال ہے کہ ہر شیعہ اس کا وفادار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو یرغمال بنانے اور جہازوں کو ہائی جیک کرنے کے واقعات کا آغاز ایران ہی سے ہوا۔جنرل عسیری نے خبردار کیا کہ داعش اپنی خود ساختہ حکومت سے محروم ہونے کے بعد یورپ اور پوری دنیا میں افراتفری پھیلا سکتی ہے۔ داعش کے چالیس ہزار جنگجو اس وقت دنیا بھر میں حتیٰ کہ یورپی ملکوں میں بھی پھیلے ہوئے ہیں۔