ایس ایس پی تشدد کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

 
0
384

اسلام آباد مارچ 27(ٹی این ایس) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایس ایس پی تشدد کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت کرنے والے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے سماعت کی۔اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پیش نہیں ہوئے جب کہ ان کے وکیل شاہد نسیم گوندل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کو آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔عدالت نے عمران خان کو آج حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت 10 اپریل تک کے لئے ملتوی کردی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت بھی آج ہوگی اور فاضل جج کوثر عباس زیدی سماعت کریں گے۔ گزشتہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ کے باعث چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پیش نہیں ہوئے تھے۔یاد رہے 2014 میں اسلام آباد میں دھرنے کے دوران چیئرمین تحریک انصاف سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں پر 4 مقدمات قائم کیے گئے تھے جن میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ، ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی شامل ہیں۔