اشرف صحرائی کو تحریک حریت کا چیئرمین مقرر کرنادرست اقدام ہے جو سود مند ثابت ہو گا ،مسلم لیگ

 
0
352

سرینگر ، مارچ 29(ٹی این ایس): مقبوضہ کشمیرمیں مسلم لیگ جموں وکشمیر نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء محمد اشرف صحرائی کی طرف سے تحریک حریت کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک درست اقدام قراردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ محمد اشرف صحرائی کے بطور چیئرمین تقرر سے تحریک حریت جموں وکشمیر کو ایک نئی جہت ملے گی اور تحریک آزادی ایک نئے انداز اور جاندار طریقے سے ابھرے گی اور مستقبل قریب میں اس فیصلے کا بھر پور ثمر کشمیر ی قوم کو ملے گا کیونکہ محمد اشرف صحرائی سیاسی بصیرت سے لیس ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی ذی حس اور سیاسی سوجھ بوجھ رکھتے ہیں اور بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے اورسیاسی حالات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ایک طرف جموں وکشمیر کی موجودہ زمینی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے اوربھارت کی طرف سے کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو کمزور کرنے کی سازشیں انتہائی عروج پر ہیں جبکہ دوسری طرف نوجوان نسل کو تحریک وحریت قایدین سے جس طرح بدظن کرنے کی سازشیں رچائی جارہی ہیں وہ نہایت ہی حساس معاملہ ہے لہذا ایسی صورتحال میں محمد اشرف صحرائی سے امیدہے کہ وہ ان ہتھکنڈوں اور حربوں کا توڑ کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو تحریک آزادی سے جوڑنے میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرینگے۔