امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے ملاقات

 
0
337

افغان جنگ جتنے کی کوشش کے بجائے اسے ختم کرنا ہوگا: ناصر جنجوعہ

اسلام آباد، مارچ  29  (ٹی این ایس): مشیر قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے کہ افغان جنگ جتنے کی کوشش کے بجائے اسے ختم کرنا ہوگا، دہشتگردی کیخلاف جنگ ہمارا قومی مفاد ہے، پاکستان اور امریکہ کو ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہوگا

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، جمعرات کو امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی کے امور اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ دہائیوں پرانے افغان مسئلہ کا جلد حل نکالنے کیلئے کاوشیں تیز کرنا ہو گی، افغان مسئلہ کا حل پاکستان اور امریکہ دونوں کے مفاد میں ہے۔ ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ حالیہ دورہ کابل میں افغان قیادت کیساتھ مثبت، تعمیری اور تفصیلی گفتگو ہوئی، افغان صدر کی امن پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں اس سے دیرینہ تنازعہ کے خاتمے میں مدد  ملے گی۔ مشیر قومی سلامتی امور کا کہنا تھا کہ سب کو ملکر افغان قیام امن کیلئے کام اور افغانیوں محرومیوں کو دور کرنا ہوگا۔ افغان جنگ جتنے کی کوشش کے بجائے اسے ختم کرنا ہوگا۔ ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ افغان مسئلہ کا حل امریکہ اور علاقائی ممالک کی کاوشوں کیساتھ ہیں۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ ہمارا قومی مفاد ہے، پاکستان اور امریکہ کو ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہوگا، دوطرفہ سطح پر انٹیلی جینس معلومات کا تبادلہ یقینی بنانا ہوگا۔

اس موقع پر امریکی نائب معاون وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان صدر کی امن پیشکش پر مکمل تعاون فراہم کریں گے، امریکہ عسکریت پسندوں کو مذاکرات کی میز پر لانا اور افغان مسئلہ کا پرامن حل چاہتا ہے، پاک افغان بہتر تعلقات سے تعاون کو فروغ حاصل ہو گا، امریکہ، پاکستان کیساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی میں تعاون کریں گے، ملاقات میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے۔

دریں اثناء ایلس ویلز سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔