پاکستان اور امریکہ کا تمام سطحوں پر دوطرفہ تعلقات جاری رکھنے پر اتفاق

 
0
362

اسلام آباد، مارچ  29  (ٹی این ایس): پاکستان اور امریکہ نے تمام سطحوں پر دوطرفہ تعلقات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔اس عزم کا اظہار جنوبی وسطی ایشیاء کے لئے امریکی قائم مقام نائب وزیر خارجہ سفیر ایلس جی ویلز نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کے دوران کیا۔

فریقین نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور افغانستان کے خصوصی حوالے سے علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔دونوں فریقوں نے ان تمام گروپوں کے خلاف کارروائی کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جو پاکستان اور افغانستان کو ہدف بناتے ہیں۔انہوں نے اتفاق کیا کہ صدر اشرف غنی کی جانب سے افغانستان میں امن منصوبے اور تاشقند میں  امن عمل کو مستقبل میں بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔پناہ گزینوں کی واپسی اور سرحدی نظم و نسق کے استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکرٹری خارجہ نے وفد کو بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا جس سے خطے کے استحکام کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے پاکستان کے اس موقف کو اجاگر کیا کہ تصفیہ طلب  مسائل کے حل کے لئے مہذب قوموں کے لئے جامع مذاکرات آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔سفیر ویلز نے افغانستان اور خطے میں امن اور استحکام کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے مل کر  کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔