وزیراعظم کی ڈوریاں نواز شریف ہلا رہے ہیں:عمران خان

 
0
285

کوئٹہ،مارچ30(ٹی این ایس): چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی قوم کے مجرم کا دفاع کر رہے ہیں، انہوں نے چیف جسٹس سے ملاقات میں نواز شریف کو بچانے کی درخواست کی ہو گی۔ وزیرِ اعظم کی ڈوریاں نواز شریف ہلا رہے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کی چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سے دو گھنٹے تک ملاقات ہوئی جس میں وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس کے آگے ہاتھ باندھے ہونگے کہ نواز شریف کو بچا لو۔ امریکا میں جا کر بھی شاہد خاقان عباسی نے امریکیوں کے گھٹنے دبائے ہوں گے کیونکہ ان کا ون پوائنٹ ایجنڈا نواز شریف کا پیسہ بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اتنے ہی کرپٹ ہیں جتنے نواز شریف ہیں۔ کسی پارٹی کے کرپٹ سربراہ سے ہمارا اتحاد نہیں ہو گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ زرداری اور نواز شریف کا چیئرمین سینیٹ نہ آنے دینا تحریک انصاف کی زبردست کامیابی ہے۔ ہارنے کے بعد شاہد خاقان عباسی چیئرمین سینیٹ پر تنقید کر رہے ہیں۔ اس وقت کہاں تھے جب 2013ء میں دھاندلی ہوئی، جب پہلی دفعہ چھانگا مانگا میں پیسہ چلا تب کدھر تھے؟ پاکستان میں ہارس ٹریڈنگ شروع کرنے والے ہی نواز شریف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی تنقید کی۔ اگر ملک کا وزیرِ اعظم فیصلہ نہیں مانے گا تو جیلوں میں بیٹھے چور کیسے مانیں گے۔ شاہد خاقان عباسی قوم کے مجرم کا دفاع کر رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شریف ڈاکٹرائن ہے کہ دھاندلی کر کے اقتدار میں آؤ اور پیسہ بچوں کے نام پر بناؤ، لیکن اگر کوئی پکڑ لے تو ان کی جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ ہم باجوہ ڈاکٹرائن، آئین اور جمہوریت کیساتھ کھڑے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جمہوری طریقے سے بلوچستان کا چیئرمین سینیٹ منتخب ہوا لیکن وزیرِ اعظم کے بیان کی وجہ سے بلوچستان کے لوگوں کو دکھ پہنچا، انھیں اپنا بیان واپس لینا چاہیے لیکن اگر انہوں نے بیان واپس نہ لیا تو اسلام آباد کی جانب مارچ کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سینیٹ الیکشن میں سب سے پہلے سپورٹ کا اعلان کرنے پر عمران خان کے شکر گزار ہیں۔