ہرن شکار کیس ٗسلمان خان کیخلاف کیس کا فیصلہ 5 اپریل کو سنایا جائیگا

 
0
764

جودھپور، مارچ 30(ٹی این ایس):راجستھان کے شہر جودھپور میں عدالت بالی ووڈ اداکارسلمان خان اور دیگرکے خلاف سرخیوں میں رہنے والے کانکانی ہرن شکار معاملہ میں فیصلہ آئندہ 5اپریل کو سنائیگی۔ جودھپورچیف جوڈیشل مجسٹریٹ (دیہات )دیوکمار کھتری کی عدالت نے اس معاملہ میں حتمی بحث کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا اور فیصلہ سنانے کی تاریخ 5اپریل مقررکی۔ سرکاری وکیل بھوانی سنگھ کے مطابق اس معاملہ میں دونوں فریقوں کی بحث مکمل ہوگئی ہے اور اب عدالت اس پر فیصلہ 5اپریل کو سنائیگی۔واضح رہے کہ فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں ‘‘کی شوٹنگ کے دوران یکم اکتوبر 1998کی دیر رات جودھپور ضلع میں لونی تھانہ حلقہ کے کانکانی گاؤں میں دو کالے ہرنوں کا شکار کرنے کے معاملہ میں سلمان کے علاوہ اداکار سیف علی خان ،اداکارہ نیلم ،سونالی بیندرے اور تبو اور ایک دیگر فرد دشینت سنگھ ملزم ہیں ۔یادر ہے کہ سلمان کو دو مرتبہ 1998 اور 2007 میں اس مقدمہ کی وجہ سے جودھ پور جیل بھی جانا پڑا۔سلمان خان پر اس سے قبل 2002 کے ہٹ اینڈ رن کیس میں قتل، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے، املاک کو نقصان پہنچانے اور نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلانے سمیت آٹھ الزمات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھاتاہم ممبئی ہائی کورٹ نے سلمان خان کو گزشتہ سال اس کیس سے بھی باعزت بری کردیا تھا۔