شدت پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہونا چاہیے، فرانسیسی عوام کی رائے

 
0
338

پیرس، مارچ 31(ٹی این ایس):فرانسیسی عوام کی بڑی تعداد نے خفیہ ادارے کی فہرست میں شامل انتہاپسندانہ سوچ رکھنے والے مسلمانوں کی گرفتاری اور قدامت پسند سلفی طرز اسلام پر پابندی کی حمایت کردی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ دونوں جائزے فرانس میں ہوئے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد مرتب کیے گئے ۔ فرانسیسی صدر ماکروں کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے مخالفین نے اْن سے سلامتی امور پر مزید سخت موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیں ماکروں کو یہ تجویز بھی دی گئی کہ اگر ایسی مساجد اور اماموں کے خلاف اقدامات اٹھائے جاتے ہیں جو نفرت انگیز تقاریر کو فروغ دیتے ہیں، تو ماکروں کو عوام کی طرف سے بھر پور حمایت حاصل ہو گی۔ ایک عوامی جائزے کے مطابق ستاسی فیصد فرانسیسی عوام کی رائے میں ایسے مسلمان جن پر انتہا پسندانہ مذہبی نظریات رکھنے کا شبہ ہو، انہیں گرفتار کر لینا چاہیے۔ اِسی سروے میں اٹھاسی فیصد لوگوں نے سلفی طرز اسلام کو کالعدم قرار دینے کی حمایت کی۔ایک دوسرے پول میں اسّی فیصد افراد نے مذہبی انتہا پسندانہ خیالات رکھنے والے افراد کو ملک سے باہر نکالنے کی تجویز دی جبکہ قریب چالیس فیصد کا کہنا تھا کہ صدر ماکروں دہشت گردی کی روک تھام کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھا رہے۔