گوگل کا ڈودل کے ذریعے پاکستانی گلو کارہ نازیہ حسن کو خراج تحسین

 
0
430

نیویارک ،03اپریل(ٹی این ایس):برصغیر میں پاپ میوزک کی بنیاد رکھنے والی پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کی 53 ویں سالگرہ پر گوگل نے انہیں ڈوڈل کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا ہے۔3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہونے والی نازیہ نے اپنے انوکھے انداز سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں بہت جلد اپنی جگہ بنائی۔نازیہ حسن نے اپنے کیریئر کا آغاز 1975 میں پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک بچوں کے پروگرام’’کلیوں کی مالا‘‘ سے کیا، جہاں انہوں نے اپنا پہلا گانا ’’دوستی ایسا ناتا‘‘ گایا تھا۔نازیہ حسن کو بولی وڈ فلم’’قربانی‘‘ کے لیے گائے گئے گانے’’آپ جیسا کوئی‘‘ سے عالمی شہرت ملی، وہ پہلی پاکستانی گلوکارہ تھیں جنھیں فلم فئیر ایوارڈ سے نوازا گیا۔نازیہ حسن کے بہترین گانوں میں دوستی، ڈسکو دیوانے، آنکھیں ملانے والے، بوم بوم اور دل کی لگی شامل ہیں، یہ گانے آج بھی ان کے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔گوگل نے اپنے ڈوڈل کے حوالے سے وضاحت کی 1980 کی دہائی میں پاکستانی لڑکیاں آنکھیں بند کرکے اپنے ہاتھوں میں مائیک کی موجودگی کا تصور کرکے گاتیں تو یہ درحقیقت نازیہ حسن کا اثر تھا۔ نازیہ حسن جنھیں اکثر ’’پرنسز آف پاپ‘‘ کہا جاتا، ایسی شخصیت کے طور پر ابھریں جو اس خطے میں برسوں سے دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔ نوجوان اور پروقار نازیہ نے ملک کو اپنے بھائی زوہیب کے ساتھ فیورٹ گانوں ڈسکو دیوانے اور بوم بوم سے فتح کرلیا۔گوگل ڈوڈل کے مطابق تین اپریل 1965 کو پیدا ہونے والی گلوکارہ کی ملاقات لندن پروڈیوسر کمار سے 15 سال کی عمر میں ہوئی اور ایک بولی وڈ ہٹ ریکارڈ’’آپ جیسا کوئی‘‘ بلاک بسٹر قربانی کے لیے ریکارڈ ہوا۔

اس گانے سے وہ اسٹار بن گئیں اور فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔ پھر نازیہ حسن اور ان کے بھائی نے کئی البم بشمول 1982 کا بوم بوم اور 1984 کا ینگ ترنگ، ریلیز کیے۔ وہ پہلی پانی گلوکارہ تھیں جو اپنے گانے ڈسکو دیوانے کے انگلش ورڑن کی بدولت برطانوی چارٹ کا حصہ بنیں۔گوگل کا مزید کہنا تھا نازیہ حسن صرف باصلاحیت گلوکارہ ہی نہیں تھیں بلکہ اسکالر اور انسان دووست بھی تھیں، اپنی قانون کی ڈگری کو استعمال کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ کے لیے کام کیا جبکہ یونیسیف کی خیرسگالی سفیر بھی رہیں، پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث 35 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہوا۔گوگل کے مطابق اس ڈوڈل میں نازیہ حسن کی پرفارمنس کا تصور دیا گیا ہے جو وہ اپنے مشہور زمانہ لہراتے بالوں اور ڈوپٹہ کے ساتھ دے رہی ہیں جبکہ 80 کی دہائی کی ڈسکو بالز ان کے پیچھے موجود ہیں۔