پی سی بی کے زیراہتمام جاری پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کا تیسرا مرحلہ (کل) شروع ہوگا 

 
0
432

اسلام آباد ،03اپریل(ٹی این ایس):پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کا تیسرا مرحلہ (آج) بدھ سے شروع ہوگا۔ گروپ اے میں ایس بی پی گراؤنڈ کراچی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا مقابلہ نیوی سے ہوگا۔ این بی پی گراؤنڈ کراچی میں عمر ایسوسی ایٹ اور سی سی اے کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائیگا۔ یو بی ایل گراؤنڈ کراچی میں حیدر ٹریڈرز اور کراچی الیکٹرک کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ گروپ بی میں جناح سٹیڈیم سیالکوٹ میں پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ٹیموں کا ٹکراؤ ہوگا۔ رانا نوید اکیڈمی شخوپورہ میں احمد گلاس اور پاکستان ائیرفورس کی ٹیموں کا آمنا سامنا ہوگا۔ گروپ سی میں آرمی سٹیڈیم راولپنڈی میں پاکستان آرمی کا مقابلہ پاک سعودی سے ہوگا۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں زرعی ترقیاتی بنک کا مقابلہ او جی ڈی سی ایل سے ہوگا۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں سی ڈی اے اور پی آئی اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ گروپ ڈی میں ریلوے سٹیڈیم لاہور میں ریلوے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیموں کے درمیان میچ ہوگا، ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں غنی گلاس اور صابر پولٹری کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہر گروپ سے ایک، ایک ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔ سیمی فائنل مقابلے 17 اپریل کو ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد اور پنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 21 اپریل کو پنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔