سانحہ حویلیاں کا ایک برس مکمل،تحقیقات ابھی تک منظر عام پر نہ آئیں

 
0
397

اسلام آباد، دسمبر 07 (ٹی این ایس): حویلیاں میں طیارہ کی تباہی کے سانحہ کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزز میں شہداء حویلیاں کی یاد میں قرآن خوانی کا اہتمام  کیا گیا جس میں ہاسپٹل انتظامیہ سمیت عوام نے بھی شرکت کی

2016 میں آج ہی کے روز چترال سے اسلام آباد کے لئے محو پرواز پی آئی اے کا اے ٹی آر 42 طیارہ گر کر حویلیاں کی پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہوگیا تھا ۔ حادثہ میں معروف سابق گلوکار اور بعد ازاں نعت خواں جنید جمشید سمیت 48 مسافر اور عملے کے 6 افراد جاں بحق ہو ئے تھے ۔ تحقیقات میں سانحے کو تکنیکی خرابی قرار دیا گیا مگر رپورٹ کو عوام کے سامنے نہیں لایا گیا۔

حادثے کی تفصیلی تحقیقات کیلئے اے ٹی آرکمپنی، یوٹاس ایجنسی اور فرانسیسی کمپنی کو خدمات حاصل کی گئیں۔ غیرملکی کمپنیوں نے کئی ماہ کی مشترکہ تحقیقات کے بعد حادثے کو تکنیکی خرابی کا نتیجہ قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق بلیک باکس کے معائنے سے سامنے آیا کہ طیارے کا بایاں انجن اچانک خراب ہوا اور الیکٹریکل سسٹم جزوی طور پر ناکارہ ہو گیا۔ الیکٹریکل سسٹم میں خرابی کے باعث پائلٹ طیارے کو دائیں انجن پر منتقل نہ کر سکا۔ جہاز مشرق سے جنوب کی جانب مڑگیا۔ 13 ہزار سے یک دم 7 ہزار فٹ کی بلندی پر آیا اور پہاڑ سے جا ٹکرایا۔