اسلام آباد میں 6 اپریل سے 4 روزہ قومی کتاب میلہ میں ایران، ترکی،چین بھی  حصہ لیں گے

 
0
1215

سٹالز کی کل تعداد 129ہے، میلے میں 110نجی ناشرین حصہ لے رہے ہیں 

مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کی زیرصدارت اجلاس میں قومی کتاب میلہ کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی 

اسلام آباد، اپریل 03 (ٹی این ایس):  سالانہ چار روزہ قومی کتاب میلہ 6 اپریل سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں شروع ہوگا جو 9 اپریل تک جاری رہے گا۔ پہلی مرتبہ چین، ایران اور ترکی بھی میلہ میں حصہ لیں گے اور سٹالز لگائیں گے۔

مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کی زیرصدارت منگل کو اجلاس میں قومی کتاب میلہ کی تیاریوں کوحتمی شکل دے دی گئی۔ میلے کا افتتاح صدرمملکت ممنون حسین کریں گے۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ ایران، ترکی اور چین کا کتاب میلے میں حصہ لینا خوش آئند ہے۔ اس سے میلے کی رونق مزید بڑھے گی۔ عوام کو برادر اور دوست ممالک کی کتب کے معیاری قیمت پر حصول، اُن کے علم وادب اور ثقافت سے آگاہی کا موقع میسر آئے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اندرون وبیرون ملک سے میلہ میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور عوام کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے شکایات مرکز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی جہاں مستعد عملہ عوام اور شرکاءمیلہ کی معاونت کے لئے ہمہ وقت موجود ہو۔ انہوں نے کہاکہ میلے میں کتب کی رعایتی قیمت پر فروخت کو بھی یقینی بنانے کے لئے جامع طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ عوام کو نیشنل بُک فاﺅنڈیشن (این بی ایف) کے علاوہ نجی ناشرین سے شائع ہونے والی کتابیں مناسب اور ممکنہ حد تک کم قیمت پر دستیاب ہوں۔

عرفان صدیقی نے طالب علموں، خواتین اور بچوں کی دلچسپی کے موضوعات پر معیاری کتب کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ کتاب دوستی کا فروغ قومی ذمہ داری ہے۔ کتاب میلہ اس فرض کی تکمیل میں ایک اہم سنگ میل کا درجہ رکھتا ہے جو ہر سال معاشرے کو علم دوستی اور کتاب خوانی کی جانب مزید آگے لے جارہا ہے۔ مشیر وزیراعظم نے کہاکہ دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام کتاب دوستی اور علم ہی سے حاصل کیاجاسکتا ہے۔این بی ایف کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اجلاس میں قومی کتاب میلہ کے لئے اب تک کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میلے میں 110نجی ناشرین حصہ لے رہے ہیں جبکہ کل سٹالز کی تعداد 129ہے۔ اجلاس میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن، جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق اور دیگر حکام موجود تھے۔