ملی مسلم لیگ ہر قسم کے تشدد، انتہاپسندی اور دہشت گردی کی نفی کرتی ہے، یہ حقائق عدالتوں میں بھی تسلیم کئے جاچکے ہیں
امریکی الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں، ثبوت ہے تو عدالتوں میں پیش کرے، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا مقدمہ لڑنے کیلئے تیار ہیں: ردعمل
لاہور، اپریل 03 (ٹی این ایس): ملی مسلم لیگ نے امریکہ کی طرف سے تنظیم کو دہشت گرد قراردیے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیا اور کہا ہے کہ یہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔امریکہ کو کوئی حق نہیں کہ وہ پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کرتے ہوئے کسی سیاسی تنظیم اور اس کے ذمہ داران کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کرتا پھرے۔
ملی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے اپنے بیان میں کہاکہ ملی مسلم لیگ ہر قسم کے تشدد، انتہاپسندی اور دہشت گردی کی نفی کرتی ہے اور اسی سوچ کو سیاست میں لا کر پاکستانی معاشرے کو پر امن بنانے کی خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملی مسلم لیگ کے حوالہ سے یہ حقائق عدالتوں میں بھی تسلیم کئے جاچکے ہیں کہ یہ تنظیم کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہے۔
تابش قیوم نے کہاکہ ملی مسلم لیگ پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق قائم کی گئی سیاسی جماعت ہے جس کی رجسٹریشن کا مرحلہ الیکشن کمیشن میں تکمیل کے مراحل میں ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے اس کے نئے نام سے کام کرنے کی بات جھوٹ کا پلندہ اور حقائق کے منافی ہے۔دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک کر پاکستان میں جمہوری عمل کو کمزور کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ کے پاس ان کیخلاف کوئی ثبوت ہے تو وہ عدالتوں میں پیش کرے ہم ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا مقدمہ لڑنے کیلئے تیار ہیں لیکن صرف جھوٹے پروپیگنڈہ کی بنیاد پر حقائق مسخ کرنے کی کسی طور اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ترجمان نے کہاکہ حکمران جماعت نے ذاتی مفادات کی خاطر وزارت داخلہ کے ذریعہ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن روک کر دنیا کے سامنے اس کی غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کی۔امریکہ کی جانب سے حالیہ دنوں میں بغیر کسی ثبوت کے ایک سیاسی جماعت کو دہشت گرد قرار دینے سے موجودہ حکمرانوں کے حوالہ سے بھی شکوک و شبہات پیدا ہوئے ہیں۔ اہل پاکستان اس عمل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔