چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے  جڑانوالہ میں 7سالہ معصوم بچی مبشرہ سے زیادتی اور قتل  کا ازخود نوٹس، آئی جی پنجاب پولیس سے 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب

 
0
329

اسلام آباد، اپریل 03 (ٹی این ایس):  چیف جسٹس آف پاکستان نے جڑانوالہ میں 7سالہ معصوم بچی مبشرہ سے زیادتی اور قتل  کا ازخود نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق  چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے دو روز قبل فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی  7سالہ معصوم بچی  کے واقعے کا  ازخود نوٹس لے لیا،چیف جسٹس نے واقعے سے متعلق آئی جی پنجاب پولیس سے 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی۔

دوسری جانب بچی کے قاتل نہ پکڑے جانے پر منگل کو بھی تحصیل بھر میں مکمل ہڑتال رہی، مظاہرین نے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر سخت احتجاج کیا اور پولیس سے جلد از جلد واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتار کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ  یکم اپریل کو جڑانوالہ کے علاقے گلشن عزیز کی 7 سالہ بچی دوپہر کو اچانک لاپتہ ہوگئی تھی جس کے بعد اہلِ خانہ نے اس کی تلاش کا عمل شروع کیا لیکن انہیں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی تاہم رات گئے بچی کی لاش اس کے گھر کے قریب کھیتوں سے مل گئی۔ پولیس نے بچی کے والد محمد افضل خان کی مدعیت میں تھانہ سٹی جڑانوالہ میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔