سان فرانسسکومیں یوٹیوب صدر دفتر میں شوٹنگ کا، حملہ آور ہلاک، چار زخمی

 
0
310

واشنگٹن،04اپریل(ٹی این ایس):ایک خاتون جن کے لیے بتایا جاتا ہے کہ اْنھوں نے یوٹیوب کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے کیمپس ہیڈکوارٹرز پر فائر کھول دیا تھا، اْنھوں نے جائے واردات پر بظاہر اپنے آپ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق سان برونو میں کیلی فورنیا کے پولیس سربراہ، ایڈ بربرینی نے کہا کہ پولیس کو اْن کی لاش ملی ہے، اور یوں لگتا ہے کہ وہ اپنی ہی گولی سے ہلاک ہوئی ہیں۔ تاہم اْنھوں نے تفصیل بتانے سے احتراز کیا کہ وہ کون ہیں یا ایسے عمل کا کیا محرک تھا۔بربرینی نے بتایا کہ چار افراد زخمی ہوئے۔ قریبی سان فرانسسکو کے ایک اسپتال کے ترجمان نے کہا کہ تنصیب میں تین زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے، جن میں سے دو خواتین اور ایک مرد ہیں۔ اْنھوں نے بتایا کہ مرد کی حالت تشویش ناک ہے۔بربرینی نے کہا کہ سان برونو پولیس فوری طور پر یوٹیوب کیمپس پہنچی، جسے 911 پر متعدد کال موصول ہوئی تھیں۔خیال کیا جاتا ہے کہ مشتبہ حملہ آور نے عمارت سے باہر گولیاں چلائیں تھیں، جہاں ملازمین دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے۔عمارت کے اندر موجود ملازمین نے ٹوئیٹ کیا تھا کہ اْنھوں نے گولیاں چلنے کی آوازیں سنی ہیں اور لوگوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا ہے، جو محفوظ ٹھکانوں کی تلاش میں تھے۔ ایک کارکن نے بتایا کہ اْنھوں نے ایک سیڑھی اور فرش پر خون کے قطرے دیکھے ہیں۔ٹیلی ویڑن تصاویر میں کارکنوں کو عمارت سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جنھوں نے اپنے ہاتھ اوپر اٹھائے ہوئے ہیں، جب کہ پولیس اْن کی تلاشی لے رہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ ابھی عمارت کی تلاش جاری ہے، اور کارروائی بند نہیں کی گئی۔