اوچ پاور پلانٹ پولیس چوکی انچارج کی 16 سالہ لڑکی سے تین روز تک زیادتی،   شیطان صفت افسر کے خلاف کیس درج، چوکی میں تعینات دیگر اہلکاروں کے خلاف جرم چھپانے اور SHO کے خلاف جرم سے بے خبری پر کاروائی کا امکان

 
0
307

نصیر آباد،  12 اپریل  (ٹی این ایس): نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں اوچھ پلانٹ پر قائم پولیس چوکی کے انچارج اے ایس آئی غلام سرور گولہ نے ایک  16 سالہ لڑکی کو حبس بےجا میں رکھ کر تین روز تک زیادتی کا نشانہ بنایا  اوربعد ازاں ہسپتال کے قریب پھینک دیا۔ ڈاکٹرو نے جنسی زیادتی کی تصدیق کر دی جس کے بعد ڈی پی او نصیرآباد نے اسے معطل کرنے ایف آئی آر درج کرکے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق بھاگ کے علاقے لڈھا سے سولہ سالہ شازیہ نامی لڑکی گھر سے بھاگ کر ڈیرہ مراد جمالی اپنے آشنا سے ملنے آئی تھی تاہم  آشنا سے ملاقات سے قبل ہی پولیس چوکی انچارج اسٹنٹ سب انسپکٹر غلام سرور کے ہتھے چڑھ گئی جو تین روز تک مسلسل اس  کیساتھ جنسی زیادتی کرتا رہا اور  بعد ازاں بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال کے قریب پھینک دیا۔لڑکی کوبعدازاں مقامی لوگ سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی لے گئے جہاں  ڈاکٹروں نے اس کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کر لی۔

ایس ایس پی نصیرآباد میر حسین احمد لہڑی نے شیطان صفت اے ایس آئی کو معطل کردیا جبکہ پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی۔ نصیرآباد کے سول سوسائٹی، انسانی حقوق اور این جی او کے نمائندوں نے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات ناقابل معافی ہیں پولیس اہلکار کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوسکیں۔

ایس ایس پی نصیرآباد میر حسین احمد لہڑی کی ہدایت پر شیطان صفت سب انسپکڑ غلام سرور  کو معطل کرکے اسکے خلاف صدر پولیس تھانہ میں مقدمہ درج کرلیاگیا ہے جبکہ پولیس چوکی کے دیگر تمام پولیس اہلکاروں کوبھی  زیر دفعہ 202کے تحت جرم چھپانے کی پاداش میں  معطل کئے جانے  کا امکان ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے شواہد حاصل کر لیے ہیں ڈی ایس پی سرکل کی سربراہی میں  جائے وقوعہ کا معائنہ بھی کیا گیا جس کے دوران  سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ اتنا بڑا واقعہ صدر پولیس تھانہ ڈیرہ مراد جمالی کی حدود میں پیش آنے کے باوجود  تین روز تک ایس ایچ او کا واقعہ سے بے خبر رہنا سمجھ سے بالاتر ہے، اسکا بھی کارروائی کی زد میں  آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرایع نے خبر دی ہے  کہ شیطان صفت پولیس آفیسر نے گرفتاری دے دی ہے۔