ڈسٹرکٹ کرکٹ چیمپئن شپ، جھگڑا فرینڈز، اسلامیہ اور روید شاہ کلبز نے اپنے میچزجیت لئے

 
0
500

پشاور، اپریل 16 (ٹی این ایس): پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری ڈسٹرکٹ انٹر کلب کرکٹ چیمپئن شپ کے میچوں میں جھگڑا فرینڈز، اسلامیہ اور روید شاہ کلبوں نے کامیابی حاصل کرلی۔ پہلے میچ میں جھگڑا فرینڈز نے بیٹنگ کرتے ہوئے 201 رنز سکور کئے، نصر اللہ نے 62 اور نثار خان نے 45 رنز بنائے، ملک کولٹس کی جانب سے عدنان خان نے چار، حارث اور احمد نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ملک کولٹس نے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے، سعادت 58 اور محمد اسماعیل 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جھگڑا فرینڈز کے نثار نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے میچ میں اسلامیہ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے، فیض اللہ نے 53 اور سلمان خان نے 27 رنز سکور کئے، اسلامیہ سٹارز کی جانب سے زیارت گل، فہیم، عمران اور تاجدار نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اسلامیہ سٹارز کی ٹیم نے 174 رنز بنائے، تاجدار 48 اور عمران 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسلامیہ کلب کے حسن اور اویس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ میچ بطور احتجاج کھیلا گیا جس کا فیصلہ ٹورنامنٹ کی ڈسپلنری کمیٹی کرے گی۔ تیسرے میچ میں السید کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پوری ٹیم 52 رنز پر آؤٹ ہوگئی، روح اللہ نے سب سے زیادہ 15 رنز بنائے، روید شاہ کلب کے اعجاز نے چار اور ظہور شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں روید شاہ کلب نے ہدف چھٹے اوور میں پورا کیا، علی نے 29 اور داؤد خان نے 27 رنز بنائے۔