کراچی اپریل 17(ٹی این ایس) میونسپل کمشنر بلدیہ غربی اشفاق احمد ملاح نے کہا ہے کہ بلدیہ غربی کی حدود میں جاری صفائی ستھرائی کے بہترین نتائج حاصل کرنے کیلئے تمام تر ہلکی و بھاری مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لایا جائے ان خیالات کااظہار انہوں نے مختلف علاقوں میں جاری کچرے وملبہ کی منتقلی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے افسران و عملہ اپنی کارکردگی کو اور بہتر انداز میں پیش کریں کچرہ اٹھانے اور جراثیم کش ادویات کے باقائدہ استعمال کو یقینی بنائیں تمام علاقوں میں موجود مارکیٹوں ،بازاروں ہسپتالوں اسکولوں مساجد اور دیگر ایسے مقامات پر جو کچرہ کنڈیوں کے علاوہ کچرہ جمع ہونے کا باعث ہوں ان تمام مقامات کے ساتھ ساتھ کچرہ کنڈیوں کو صاف کرنے کیلئے بھر پور کاروائی عمل میں لائیں تمام مارکیٹوں اور دیگر مقامات پر موجود تجاوزات کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ ندی نالوں کی صفائی کے کام کو بھی بروقت مکمل کیا جائے موقع پر موجود بلدیاتی افسران نے میونسپل کمشنر کو بلدیہ غربی میں جاری صفائی ستھرائی کے حوالے سے کےئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ بلدیہ غربی کی حدود میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے رات دن جدوجہد میں مصروف عمل ہے کچرے کی بروقت منتقلی کے ساتھ ساتھ تجاوزات کے خاتمہ کو بھی یقینی بنایا جارہاہے ۔