قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ کی ازبکستان کی سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری محمدوف کیساتھ وفود کی  سطح پر مذاکرات

 
0
357

دونوں جانب سے افگانستان میں قیام امن  کے لئے ملکر کاوشیں کرنے کی خواہشات کا اظہار

اسلام آباد، اپریل  19 (ٹی این ایس): قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شاندار قریبی تعلقات ہیں۔انہوں نے یہ بات ازبکستان کی سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری محمدوف کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی سلامتی اور علاقائی روابط کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قومی سلامتی کے مشیر نے وفد کو افغانستان میں امن واستحکام لانے کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن نہ صرف پاکستان بلکہ مشرق وسطی کے ممالک اور خطے کے بہترین مفاد میں بھی ہے۔

لیفٹینٹ جنرل محمدوف نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کی ازبکستان کی شدید خواہش کا اظہار کیا جس کو قومی سلامتی کے مشیر نے مثبت انداز میں تسلیم کیا۔وفد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اور افغانستان میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔فریقین نے ہر سطح پر تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ملکر کام کرنے اور خطے میں پائیدار امن کیلئے کوششیں بہتر کرنے پر اتفاق کیا۔