تجاوزات مافیا بہت بااثر ہے، میں کچھ نہیں کر سکتا،سپریم کورٹ جائیں تو مجھے کوئی پرواہ نہ ہوگی: ڈپٹی کمشنر منور مٹیانی کا سائلین و  متاثرین کو ٹکا سا جواب

 
0
293

کندھ کوٹ، اپریل  21 (ٹی این ایس):  کندھکوٹ کے  ڈپٹی کمشنر منور مٹیانی نے  تجاوزات و قبضہ مافیا کے سامنے ہاتھ کھڑا کر کے سائلین و تاثرین  کو ٹکا سا جواب دیا ہے کہ  وہ تجاوزات نہیں ہٹا سکتے کیونکہ  تجاوزات مافیا بہت بااثر ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بلکہ درخواست گزاروں کو  اس  مشورہ سے بھی نوازا کہ وہ  اگر  اس معاملہ میں سپریم کورٹ بھی جائیں تو انھیں اسکی کوئی پرواہ نہیں ہوگی۔

سائلین و تاثرین   نے ٹی این ایس کے نمائندے  کو بتایا کہ انھوں  نے ڈپٹی کمشنر کو تجاوزات  ہٹانے کے لئے بار بار منتیں کیں ان کے دفتر کے چکر لگا لگا کر تھک گئے، صاحب اول تو ملتے نہیں اور اگر ملیں بھی تو ہماری کچھ سنتے نہیں ہم جائیں تو کہا ں جائیں؟

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر عبدالحفیظ سیال کے تبادلے کے بعد قبضہ مافیا سرگرم ہوگیا ہے اور  ڈپٹی کمشنر منور مٹیانی نے اس مافیا کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر منور مٹیانی شہر کو تباہ کرنے جا رہے ہیں  جبکہ ان کے دفتر میں بیٹھے انکروچ مینٹ فورس کے اہلکار  عوام کے ٹیکس سے مفت میں لاکھوں روپے تنخواہیں کس جوازیت پر لیتے ہیں۔

شہریوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ  اس معاملہ کا بھی  ازخود نوٹس لیکر  ذمہ داروں کو سزائیں دے اور شہر کو تجاوزات سے آزاد کرائے۔