طالبان نے جنوبی افغانستان میں موبائل فون سروس بند کرا دی

 
0
311

واشنگٹن, اپریل 22(ٹی این ایس): طالبان باغیوں نے افغانستان کے جنوب میں صوبہ ہیلمند میں اپنے زیر قبضہ علاقوں میں نجی ٹیلی مواصلاتی اداروں کی سہولت کو زبردستی بند کرا دیا ۔امریکی ٹی وی کے مطابق یہ بات صوبہ ہلمند کے مواصلات کے سربراہ، امیداللہ ظہیر نے بتائی ،مقامی مواصلاتی اہلکاروں نے بتایا کہ طالبان یہ خیال کرتے ہیں کہ افغان حکومت نجی مواصلاتی نظام کو فوجی اور انٹیلی جنس کی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ظہیر نے مزید کہا کہ تمام مواصلاتی اداروں کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں طالبان نے متنبہ کیا کہ وہ اپنا کام بند کردیں۔اطلاعات کے مطابق باغیوں نے ذرائع ابلاغ کے کم از کم 120 ٹاور بند کرا دیے ہیں، شاید اس نیت سے کہ ایسا کرنے سے صوبے میں افغان فوج کی کارروائیوں میں خلل ڈالا جا سکتا ہے۔تاہم افغان دفاعی حکام نے کہا کہ اس خلل کے نتیجے میں اْن کی مواصلات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، چونکہ اْن کے پاس اپنا ذاتی مواصلاتی نظام موجود ہے۔افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان، محمد ردمانیش نے امریکی ٹی وی کوبتایاکہ ہماری افواج کے پاس اپنا حربی کمیونیکیشن نظام ہے اور وہ کسی نجی مواصلاتی نظام پر انحصار نہیں کرتیں۔اْنھوں نے بتایا کہ اس رکاوٹ کے نتیجے میں محض مقامی باشندوں کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔