جرمنی میں شرابیوں نے دو مہاجروں پر کتے چھوڑ دئیے،بعدازاں بدترین تشدد 

 
0
505

برلن, اپریل 22(ٹی این ایس): جرمنی کے شمال مشرقی علاقے میں مقامی جرمن باشندوں کے ایک گروہ نے اریٹریا سے تعلق رکھنے والے دو مہاجرین پر کتے چھوڑ دیے اور بعد میں انہیں زد وکوب بھی کیا۔جرمن ریڈیو کے مطابق یہ واقعہ وفاقی ریاست میکلن بْرگ بالائی پومیرانیا کے علاقے فریڈلینڈ میں پیش آیا۔ بتایا گیا کہ یہ دونوں مہاجر سائیکلوں پر سوار تھے اور جب وہ شراب کے نشے میں دھت مقامی نوجوانوں کے ایک گروپ کے قریب سے گزرے، تو پہلے تو ان افراد نے اپنے دو کتے ان غیر ملکیوں کی جانب دوڑا دیے اور پھر انہیں مارا بھی۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں ان دونوں تارکین وطن کو معمولی چوٹیں آئیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد میں سے ایک مرد ہے اور دوسری ایک خاتون۔ان متاثرہ افراد نے پولیس کو بتایا کہ حملہ آوروں میں سے تین مرد اور ایک خاتون تھی، جنہوں نے ان دونوں مہاجرین کو سروں پر ٹھوکریں بھی ماریں اور پھر ان میں سے ایک نے ان دو افریقی باشندوں کی سائیکلوں کو اٹھا کر ایک قریبی جوہڑ میں پھینک دیا۔