ٹوکیو (ٹی این ایس) جاپان کی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ 23 جنوری کو ایوانِ زیریں تحلیل کر دیا جائے گا، 27 جنوری کو عام انتخابات کا باضابطہ اعلان جاری ہوگا جبکہ 8 فروری کو ووٹنگ اور ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم کے اس فیصلے پر حزبِ اختلاف کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی ہے۔ متعدد اپوزیشن رہنماؤں نے الزام عائد کیا ہے کہ سانائے تاکائیچی قومی مفاد کو نظر انداز کرتے ہوئے پارٹی مفادات کی خاطر سیاسی خلا پیدا کر رہی ہیں اور پارٹی مفادات کو عوامی مفادات سے بالاتر رکھا جا رہا ہے ۔
ادھر جاپان کی اپوزیشن جماعتوں، آئینی ڈیموکریٹک پارٹی اور کومیتو پارٹی نے بھی 19 جنوری کو ایک پریس کانفرنس کی، جس میں دونوں جماعتوں کے اشتراک سے قائم کی گئی نئی سیاسی جماعت “مرکزی اصلاحاتی اتحاد” کے منشور اور بنیادی پالیسیوں کا اعلان کیا گیا۔ نئی جماعت کے منشور میں واضح طور پر “تین غیر جوہری اصولوں” پر قائم رہنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔













