اقتصادی راہداری وقتی نہیں بلکہ نسلوں کا منصوبہ ہے، سی پیک سے توانائی، انفرا اسٹرکچر سمیت دیگر سہولتیں میسر آئیں گی۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

 
0
323

کراچی اپریل 23(ٹی این ایس): وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری وقتی نہیں بلکہ نسلوں کا منصوبہ ہے۔ سی پیک سے توانائی، انفرا اسٹرکچر سمیت دیگر سہولتیں میسر آئیں گی۔تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک چین اقتصادی راہداری سیمینار سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2015 تک سی پیک سے کوئی آگاہ نہیں تھا۔ چینی صدر نے علاقائی روابط کا منصوبہ پیش کیا۔ سی پیک وقتی نہیں بلکہ نسلوں کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان، افغانستان بلکہ وسط ایشیائی ریاستوں کو دنیا سے منسلک کرے گا۔ سی پیک سے توانائی، انفرا اسٹرکچر سمیت دیگر سہولتیں میسر آئیں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک 2 ممالک میں شراکت داری کا منصوبہ ہے۔ منصوبے سے پاکستان کو ترقی کی بنیاد ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کےتحت توانائی کے 2 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، ایک مکمل ہونے جارہا ہے۔ سی پیک کے تحت موٹر ویز بنائی جا رہی ہیں۔ منصوبے کے باعث تھر کول سے بجلی کے حصول کا خواب پورا ہوگا۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے تجارت کو فروغ ملے گا۔ معاشی فوائد کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کو مد نظر رکھا جا رہا ہے۔ ’پاکستان سی پیک سے نہ صرف اپنی ترقی بلکہ خطے کی خوشحالی چاہتا ہے‘۔خیال رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں جہاں وہ شہر میں توانائی کے بحران سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔