اسلام آباد اپریل 23(ٹی این ایس)سابق وزیراعظم نوازشریف نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد چوہدری منیر کی رہائشگاہ پرمسلم لیگ ن کے سینئر رہنمائوں، وزراء اور ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا، زیرسماعت مقدمات اور بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ملاقات میں مریم نواز،مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفرالحق، دانیال عزیز ، مریم اورنگزیب ، طارق فضل چوہدری ، آصف کرمانی اور دیگر رہنما شریک تھے ، ذرائع کے مطابق لیگی رہنمائوں نے نوازشریف سے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی نوازشریف نے انہیں بیگم کلثوم نوازکی میڈیکل رپورٹ سے آگاہ کیا اور ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی ۔
نوازشریف نے لیگی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بیگم کلثوم نواز کو اس حالت میں چھوڑ کر آنا ایک مشکل اور کٹھن فیصلہ تھا، میں بھاگنے والا نہیں، ملک میں رہ کر تمام آزمائشوں کا مقابلہ کروں گا،پارٹئ رہنما اور کارکن حوصلہ رکھیں اور عام انتخابات کی بھرپور تیاری کریں ، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اب بچے بچے کی زبان پر ہوگا ۔
نوازشریف کا کہنا تھا میرے خلاف چلنے والے مقدمات کی حقیقت کو عوام بخوبی سمجھ چکے ہیں ۔ جلد ایک مقدمہ عوام کی عدالت میں بھی چلے گا، عوامی عدالت کا فیصلہ انشاء اللہ میرے اور مسلم لیگ ن کے حق میں ہوگا،