چیف جسٹس کا نابینا وکیل یوسف سلیم کی اپیل کا نوٹس

 
0
741

اسلام آباداپریل 24(ٹی این ایس) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے لاہور کے نابینا وکیل یوسف سلیم کی اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کو ان کا دوبارہ انٹرویو لینے کی ہدایت کردی۔واضح رہے کہ نابینا وکیل یوسف سلیم کو سیلیکشن کمیٹی نے سول جج کے عہدے کے لیے مسترد کردیا تھا۔جوہر ٹاؤن لاہور کے رہائشی 25 سالہ یوسف سلیم پیدائشی طور پر بصارت سے محروم ہیں، تاہم انہوں نے اپنی اس معذوری کو آڑے نہ آنے دیا اور پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کے امتحان میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ 3 سال بعد یوسف سلیم نے سول جج کے لیے امتحان دیا اور پہلے نمبر پر رہے، لیکن نابینا ہونے کی وجہ سے انٹرویو میں فیل ہو گئے اور اس طرح یوسف کا سول جج اور پھر سپریم کورٹ کا جج بننے کا خواب ادھورا رہ گیا۔4 بہنوں کے اکلوتے بھائی یوسف سلیم کی ایک بہن بھی بصارت سے محرومی کے باوجود وزیراعظم سیکریٹریٹ میں نائب سیکریٹری کے عہدے پر فائز ہیں۔یوسف سلیم بھی ہمت ہارنے والوں میں سے نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ زندگی کبھی رُکتی نہیں۔یوسف سلیم جج بن کر قوم کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور بصارت سے محروم افراد کے لیے رول ماڈل بننا ان کا خواب ہے۔