اسلام آباد اپریل 26(ٹی این ایس): خواجہ آصف نا اہلی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا، عدالت نے دس اپریل کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے پرفیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ وزیرخارجہ خواجہ آصف نا اہلی کیس کا فیصلہ آج سنائے گا، فیصلے سے متعلق تمام فریقین کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار نے خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے درخواست دائرکی تھی، جس کی سماعت دس اپریل کو مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔عثمان ڈار نے اپنی درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیر خارجہ دبئی میں ایک پرائیویٹ کمپنی کے ملازم ہیں جہاں سے وہ ماہانہ تنخواہ بھی حاصل کرتے ہیں،
لہٰذا غیر ملکی کمپنی میں ملازمت کرنے والا شخص وزیر خارجہ کے اہم منصب پر کیسے فائز رہ سکتا ہے۔خواجہ آصف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ آصف پہلے دبئی میں بینک میں ملازمت کرتے تھے، وہ دبئی میں فل ٹائم نہیں بلکہ ایڈوائزر کے طور پر ملازمت کرتے تھے۔خواجہ آصف نے اضافی دستاویزات ہائیکورٹ میں جمع کرادی تھیں، یو اے ای کمپنی نمائندہ خواجہ آصف کی نوکری اور شرائط پر گواہی دینے پر آمادہ ہوا۔دستاویزات کے مطابق کنسلٹیشن معاہدے کے تحت ملازم کی فل ٹائم کمپنی میں موجودگی ضروری نہیں، کمپنی کے مطابق خواجہ آصف سے کسی بھی معاملے پر تجاویز فون یا دورہ دبئی کے دوران لی جاتی ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق کیس میں ہونے والی اس پیش رفت کے بعد وزیرخارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور اگر ایسا ہوا، تو یہ ن لیگ کے لیے ایک جھٹکا ہوگا۔