عارضی تحفظ کے حامل نیپالی باشندے اپنے ملک واپس جائیں، امریکا

 
0
430

واشنگٹن اپریل 28(ٹی این ایس) امریکی حکومت نے کہاہے کہ 2015میں نیپال میں آئے شدید زلزلے کے بعد امریکا میں عارضی تحفظ حاصل کرنے والے نو ہزار نیپالی باشندوں کو آئندہ برس جون تک اپنے ملک واپس جانا ہو گا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزارت نے کہا کہ ایک جائزے کے مطابق نیپال میں زلزلے کی تباہ کاریوں سے پیدا شدہ صورت حال میں واضح بہتری آئی ہے جس کے باعث عارضی تحفظ کی حیثیت دینے کا جواز باقی نہیں رہتا۔ہوم لینڈ وزارت کی سکریٹری کرسٹین نیلسن نے ایک بیان میں کہاکہ 2015 کے زلزلے کے بعد سے نیپال کی صورت حال میں واضح بہتری آئی ہے۔اس کے علاوہ 2016 کے جائزے کے مطابق زلزلے کے بعد نیپال میں تیزی سے تعمیرات ہوئی ہیں اور بحالی دیکھنے میں آئی ہے۔ اب نیپال اپنے شہریوں کی مناسب دیکھ بھال کر سکتا ہے۔بیان کے مطابق عارضی تحفظ کے حامل نیپالی باشندوں کو چوبیس جون 2019تک واپس جانا ہو گا۔