مقبوضہ کشمیر : عدالت نے آسیہ اندرابی کو مزید آٹھ روز کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیا

 
0
297

سرینگر، 29اپریل ( ٹی این ایس ):مقبوضہ کشمیر میں ایک عدالت نے دختران ملت کی چےئرپرسن آسیہ اندرابی کو مزید آٹھ روز کے لیے پولیس کی تحویل میں دے دیاہے ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دختران ملت کی ترجمان نے ایک بیان میں اسلام آباد کی عدالت میں ڈرامہ رچانے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کی مذمت کی جہاں آٹھ روزہ تحویل کی بعد آسیہ اندرابی کو پیش کرنا تھا۔ ترجمان رفعت فاطمہ نے کہا کہ آسیہ اندرابی کوپورا دن کھانے پینے کے بغیر صدر تھانے میں رکھا گیااور شام کو عدالت میں لایا گیا۔
دریں اثناء ترجمان نے بار کونسل آف انڈیا کے اس رپورٹ کی بھی شدید مذمت کی ہے جس میں جموں اور کٹھوعہ کی بار ایسوسی ایشنوں کے وکلاء کو کلین چٹ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ کشمیری عوام اور دنیاکے لیے چشم کشا ہونا چاہیے کیونکہ اس سے کشمیر میں کام کرنے والے بھارت کے فرقہ پرست اور مسلم دشمن اداروں کا ایجنڈا بے نقاب ہوگیا ہے۔ رفعت فاطمہ نے کہا کہ ایک معصوم بچی کو سفاکانہ طریقے سے بے حرمتی کے بعد قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گجر برادری کے لوگ اتنے خوفزدہ ہیں کہ وہ جموں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے۔ انہو ں نے کہا کہ اس بربریت کا واحد مقصدجموں میں مسلمانوں کو خوفردہ کرنا اور انہیں علاقے سے نقل مکانی کرنے پر مجبور کرانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بے شرمی کے ساتھ بے حرمتی اور قتل کے مجرموں کا دفاع کررہے ہیں۔انہو ں نے کہاکہ ایک طرف بے حرمتی اور قتل کے مجرموں کا وکیل سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کررہا ہے اور دوسری طرف بھارت کی بار کونسل نے جموں اور کٹھوعہ کے وکلاء کو کلین چٹ دی ہے جو کھلے عام مجرموں کی حمایت کررہے ہیں۔