مالک مکان ملکیتی کاغذات دکھانے کا پابند،شامیمیں نیاقانون منظور

 
0
338

دمشق اپریل 30(ٹی این ایس)شام میں ایک نئے قانون کے تحت مالک مکان کو ملکیتی کاغذات دکھانے کا پابند کر دیا ہے۔ اس قانون کی وجہ سے بے شمار مہاجرین کے لیے واپس اپنے مکانات میں رہائش رکھنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شام میں بشار الاسد کی حکومت نے جو قانون متعارف کرایا ہے، وہ سماجی ماہرین کے مطابق کسی بھی مکان میں سے کسی کو بے دخل کرنے کا ایک نیا انداز قرار دیا گیا ہے۔ جنگی حالات میں بے شمار لوگ اپنے ذاتی مکانوں کو چھوڑتے وقت ملکیتی کاغذات لے کر جانے سے قاصر رہے تھے اور اب واپسی پر انہیں اپنے ہی مکانات میں داخل ہونے کے لیے گم شدہ یا ضائع شدہ دستاویزات کی ضرورت ہے۔اسد حکومت کی عملداری میں استحکام آنے کے بعد مختلف شہروں اور قصبوں کی تعمیر نو کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ دمشق کے تباہ شدہ علاقوں اور نواحی بستیوں کی تعمیر نو کا کام رامی مخلوف نامی بلڈر کو تفویض کیا گیا ہے۔سماجی ماہرین کا خیال ہے کہ اس نئے قانون کے باعث پہلے سے بے گھر ہونے والے شامی خاندانوں میں مزید محرومی اور غربت بڑھ جائے گی کیونکہ نئے مکانات کے کرائے بھی زیادہ ہوں گے اور ابھی شام کے علاقوں میں اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی میں وقت بھی درکار ہے۔