ملک میں مالیاتی ایمرجنسی لگنے کا کوئی امکان نہیں ٗوزیر خزانہ مفتاح اسماعیل 

 
0
337

اسلام آباد اپریل 30(ٹی این ایس)وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک میں مالیاتی ایمرجنسی لگنے کا کوئی امکان نہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق پیر کو وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جب معیشت کا حجم بڑھتا ہے توریونیو بھی بڑھتا ہے ، معیشت کے حالات بہت اچھے نہیں لیکن اتنے برے بھی نہیں کہ مالیاتی ایمرجنسی لگائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور درآمدی مالیت کم کرنے کیلئے ضروری تھا کہ روپے کی قدر میں کمی کی جائے تاہم اب صورتحال کافی بہتر ہے، برامدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ڈالر کی قیمت میں بھی استحکام ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کا کوئی ارادہ نہیں، چین کے کمرشل بینک سے ایک ارب ڈالرطویل مدتی قرضہ ملا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ لوگ 20کروڑکا پلاٹ لیتے ہیں اور 2کروڑ قیمت بتاتے ہیں، ہم چاہتے ہیں لوگ اپنی آمدنی ٹھیک طرح سے بتائیں، جو ٹیکس نہیں دیتے ان کے گرد گھیرا تنگ کررہے ہیں۔ان کا کہناتھاکہ اگر بیرون ملک سے ایک کروڑروپے سے زائد آتے ہیں تو ذریعہ آمدن بتانا ہوگا ،ٹیکس دینے والوں کو سہولت دینا اور چوروں پرسختی کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔