تپتی گرمی میں 12گھنٹے کام کرنے والے مزدوروں کی دیہاڑی میں اضافہ نہ ہونا انسانیت کا قتل ہے ٗمیر محمد یونس

 
0
399

مظفرآباد1مئی(ٹی این ایس )مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر و ممبر کشمیر کونسل میر محمد یونس نے کہا کہ اِس دور میں جہاں مہنگائی اِس قدر بڑھ گئی کہ سخت محنت کے باوجود ایک وقت کی روٹی میسر نہیں ہوتی وہاں تپتی گرمی میں 12گھنٹے کام کرنے والے مزدوروں کی دیہاڑی میں اضافہ نہ ہونا انسانیت کا قتل ہے ! شہید ذولفقار علی بھٹو نے مزدوروں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ، پیپلزپارٹی آج بھی یوم مزدور ڈے منانے کیلئے صف اول پر موجود ہے ،حکومت پاکستان مزدوروں کی اجرت میں 30سے 35ہزار ماہوار اضافہ کرکے پسماندہ طبقے کو دو وقت کی روٹی میسر کرے ۔اِن خیالات کا اظہار میر محمد یونس نے یوم مزدور ڈے کے موقع پر مزدوروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میر محمد یونس نے کہا کہ ہم بھی مزدور ہیں مگر جو پتھروں کو تراش کر عالی شان محل بناتے ہیں ! بڑے بڑے پہاڑوں کا سینا چیر کر موٹروے جیسی شاہراہیں بناتے ہیں ! وہاں ایک عام مزدور کی دیہاڑی میں اضافہ نہ ہونا انسانیت کا قتل ہے جبکہ حکمران اپنی مراعات کیلئے لاکھوں روپے چند منٹوں میں پاس کروالیتے ہیں وہاں مزدوروں کی اجرت میں بھی کم از کم 30سے 35ہزار ماہوار اضافہ ہونا چاہیے ۔اُنہوں نے کہا کہ آج پیپلزپارٹی ملک بھر سمیت آزادکشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح مظفرآباد میں یوم مزدور منارہی ہے ، کیونکہ شہید ذولفقار علی بھٹو نے مزدوروں کیلئے جدوجہد کی ، یہی وجہ ہے کہ پیپلزپارٹی مزدوروں اور محنت کشوں کی جماعت ہے ، اُن کے مشن کو پائے تکمیل تک ہر حال میں پہنچائیں گے ۔اُنہوں نے حکومت پاکستان اور آزادکشمیر کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مزدوروں کی اجرت میں کم از کم 30سے 35ہزار روپے ماہوار اضافہ کیا جائے جس سے کم از کم اپنے گھر کی باعزت طریقے سے کفالت کرسکیں ۔