پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت، واپس لیا جائے، سیاسی رہنما

 
0
311

حیدرآباد ،مئی 2(ٹی این ایس):مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور عہدیداروں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت آئی سی یو میں داخل ہوچکی ہے گرانی میں بے پناہ اضافہ اورعوام کا معیار زندگی مزید پستی میں جانے کا خدشہ ہے۔ جمعیت علمائےپاکستان (نورانی)و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نئے سال کاتحفہ قوم پر پیٹرول بم برساکر دیا ہے، اشیائےخورد ونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، گرانی میں مسلسل اضافہ کے باعث 60فیصد سے زائد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، قوم کا پیسہ لوٹ کر باہر جائیدادیں بنانے والوں سے واپس لے کر قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالا جاسکتا ہے۔ اس وقت ضروت اس امر کی ہے کہ ملک اور قوم کو کرپٹ خائن اور بدعنوان حکمرانوں سے نجات دلانے کےلئے محب وطن جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں۔ قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافی سے مہنگائی بڑھے گی۔ کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مراد علی

شاہ گنے کے بحران کا ذمہ دار وفاق کو قرار دیکر سندھ کے عوام کو دھوکا دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت 5 سال میں عوام دوست معاشی پالیسی نہیں بناسکی، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر احمد قریشی، جنرل سیکریٹری علی محمد سہتو اور سیکریٹری اطلاعات احسان ابڑو نے اپنے مشترکہ بیان میں مسلسل چوتھے ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اب ملک اور قوم کے لیے سیکورٹی رسک بن چکی ہے۔