چین کے صوبے شاندونگ کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

 
0
381

اسلام آباد، مئی 08(ٹی این ایس): چین کے صوبے شاندونگ کی کمپنیوں کے ایک وفد نے ڈیپارٹمنٹ آف کامرس کے ڈائریکٹر برائے ایشیائی امور جیا جیقنگ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں پارٹنرشپ اور سرمایہ کاری کرنے کے امور پر چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔وفد میں ایلومینیم بنانے والی کمپنی ایچ ٹی گروپ، شمسی توانائی کی مصنوعات بنانے والی کمپنی سولر انرجی ٹیکنالوجی لمیٹڈ، زرعی شعبے کیلئے گاڑیاں اور مشینری بنانے والی کمپنی وزنگ گروپ اور زرعی شعبے کیلئے پیکنگ مصنوعات بنانے والی کمپنی ایگری پراڈیکٹس انڈسٹریل لمیٹڈ کے نمائندگان شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے صوبے شاندونگ کے صنعتکاروں نے کہا کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور پہلے مرحلے میں وہ پاکستان میں اپنی مصنوعات کیلئے پارٹنرز تلاش کرنے آئے ہیں جبکہ اگلے مرحلے میں وہ پاکستان میں دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بھی کرنا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے ایک پرکشش ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنیاں ایلومینیم، شمسی تونائی اور زرعی شعبے کیلئے اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کر رہی ہیں جن کو یورپ، امریکہ اور کنیڈا سمیت دنیا کے کئی ملکوں کو برآمد کیا جا رہا ہے اور اب وہ پاکستان میں بھی اپنی مصنوعات کو متعارف کرانا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان بہتر ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیمبر ان کی کمپنیوں کو پاکستان میں پارٹنر تلاش کرنے میں تعاون کرے جس سے چین اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

انہوں نے چیمبر کے صدر کو دعوت دی کہ وہ ایک وفد کے ساتھ شانڈونگ صوبے کا دورہ کریں اور چین کے ہم منصبوں کے ساتھ دلچسپی کے شعبوں میں کاروباری تعلقات قائم کرنے کے امور کا جائزہ لیں۔ ایلومینیم بنانے والی کمپنی ایچ ٹی گروپ کے نمائندگان نے کہا کہ ان کی کمپنی کی ایلومینیم مصنوعات متحدہ عرب امارات، سنگاپور، انڈیا، انڈونیشیا، روس، نائیجیریا، مصر، برازیل اور یورپ سمیت دنیا کے تیس ممالک میں مقبول ہیں اور اب وہ اپنی مصنوعات کو پاکستان کی مارکیٹ میں متعارف کرانا چاہتے ہیں جس کیلئے ان کو مقامی پارٹنرز کی تلاش ہے۔ دیگر کمپنیوں کے نمائندگان نے بھی اپنی مصنوعات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ وہ پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں لہذا چیمبر ان کوششوں میں ان کے ساتھ تعاون کرے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں 9اسپیشل اکنامک زون قائم کئے جائیں گے جن میں سرمایہ کاری کرنے پر چین کے سرمایہ کاروں کو ٹیکس کی چھوٹ سمیت دیگر پرکشش مراعات فراہم کی گئی ہیں لہذا انہوں نے شانڈونگ صوبے کے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ مذکورہ اکنامک زونز میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں صنعتی یونٹس لگانے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے وہ نہ صرف پاکستانی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں بلکہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا سمیت دیگر ممالک کو اپنی مصنوعات برآمد بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے تعمیراتی منصوبے شروع ہو چکے ہیں لہذا تعمیراتی شعبے کیلئے مصنوعات تیار کرنے والے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں کاروبار کے پرکشش مواقع پائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی عمدہ گنجائش موجود ہے لہذا چین کے سرمایہ کار پاکستان میں مشترکہ کاروباری شراکتیں قائم کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔