انتقامی کاروائی نہیں، میڈیا رپورٹس اور انکشافات کی بنیاد پر سابق وزیر اعظم اور دیگر کے خلاف جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا: نیب کا وضاحتی بیان

 
0
330

اسلام آباد، مئی 09 (ٹی این ایس): نیب نے کہا ہے کہ  وہ کسی قسم کی انتقامی کارروائی پریقین نہیں رکھتا، میڈیا رپورٹس پر نوازشریف اوردیگر کے خلاف تحقیقات کررہے ہیں.

نیب نے  سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ بھارت بھجوانے سے متعلق اپنی  کل  کی پریس ریلیز پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس اور انکشافات کی بنیاد پر سابق وزیر اعظم اور دیگر کے خلاف جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔

نیب نے اپنے وضاحتی بیان میں  کہا کہ نواز شریف سے متعلق میڈیا رپورٹس پر تحقیقات کر رہے ہیں جن میں ورلڈبینک کی مائیگریشن اینڈریمیٹینس فیکٹ بک میں واضح تذکرہ ہے، رپورٹ میں 4.9 ارب ڈالرکا زرمبادلہ بھارت منتقلی کا ذکر موجود ہے۔

نیب کے مطابق رپورٹ کی بنیاد پرمبینہ طورپرشکایت کی جانچ پڑتال کافیصلہ کیا گیا، منی لانڈرنگ کی تحقیقات نیب کےدائرہ اختیارمیں شامل ہے، نیب شکایات کی جانچ پڑتال مروجہ قانون کےمطابق کررہا ہے، انتقامی کارروائی کے تاثر کو رد کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز نیب کی جانب سے سابق نوازشریف اور دیگر کے خلاف 4.9 بلین ڈالر بھارت بھجوانے کی شکایات پر جانچ پڑتال کا حکم دیا گیا تھا تاہم ورلڈ بینک اور سٹیٹ بینک آف پاکستان نے فوری طور پر اسکی تردید کی جس کے بعد حکومتی کیساتھ ساتھ  عوامی حلقوں کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا۔

بدھ کو  وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کے اربوں ڈالربھارت بھیجنے کے الزام پر نیب چیئرمین کو طلب کرنے اور اسپیشل کمیٹی بنا کر تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا اور نیب کی پریس ریلیز کو قبل ازانتخابات دھاندلی قراردے دیا۔