حکومتی رٹ نہ ہونے کیوجہ سے رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا طوفان آ گیا ‘ مسرت چیمہ 

 
0
3341

لاہور12مئی(ٹی این ایس)تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومتی رٹ اور موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا طوفان آ گیا ہے ،یوٹیلٹی سٹورز پر ایک ارب 73کروڑکی سبسڈی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ،پی ٹی آئی حکومت میں آکر خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کوپاؤں پرکھڑا کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مسرت چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے امیر امیر تر جبکہ غریب تین سے دو وقت کی روٹی پر آگیا ہے ۔حکمران ایسا کوئی میکنزم نہیں بنا سکے جس کے ذریعے مستحق لوگ سبسڈی سے استفادہ کرسکیں ۔ یوٹیلٹی سٹورز پر معمولی رعایت دی جا تی ہے اور اس کے بدلے انتہائی ناقص اشیاء کی فروخت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے ناجائز منافع خور رمضان المبارک سے قبل ہی سر گرم ہو چکے ہیں جبکہ حکومت نے ابھی تک چپ سادھ رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کے لئے منصوبہ بندی کررکھی ہے اورانشا اللہ عوام کی طاقت سے حکومت میں آکر اس پر فی الفور عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا جس کا مقصد ان کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی لانا ہے ۔