نیب ریفرنس ٗشواہد سے ثابت کیا لندن فلیٹ نواز شریف کے ہیں، نیب پراسیکیوٹر

 
0
332

اسلام آباد 08 جون (ٹی این ایس)شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے حتمی دلائل کے دوران کہا ہے کہ شواہد سے ثابت کردیا کہ لندن فلیٹس کے مالک نواز شریف ہیں ٗ قطری والا دفاع بھی ان کا اپنا ہے جسے غلط ثابت کر چکے ہیں۔ جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کی سماعت کی ٗ نامزد ملزم سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز پر بجلی کی بندش کے باعث سماعت میں وقفہ کیا گیا جس کے بعد نواز شریف عدالت سے واپس روانہ ہوئے۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے مسلسل چوتھے روز حتمی دلائل کے دوران کہا کہ ریکارڈ پر نہیں کہ اختر ریاض راجہ یا واجد ضیاء کی نوازشریف سے دشمنی ہو اور ان دونوں کی رشتہ ہونا مسئلہ نہیں ہے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ نواز شریف کے لندن فلیٹس کے اصل مالک ہونے کے براہ راست شواہد پیش کردئیے ٗ قطری والا دفاع بھی ان کا اپنا ہے جسے ہم غلط ثابت کر چکے ہیں، یہ پراپرٹی ان کی ہے ہم نے شواہد سے ثابت کیا۔سردار مظفر عباسی نے کہا کہ ثابت کرچکے کہ پراپرٹی 1993 سے ان کی ہے ٗیہ لندن فلیٹ کی ملکیت سے انکاری بھی نہیں، فرد جرم کے مطابق ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے، بار ثبوت ان پر تھا کہ وہ وضاحت کرتے مگر وہ کوئی ثبوت نہ دے سکے۔سردار مظفر عباسی نے کہا کہ مریم نواز نے ٹرسٹ ڈیڈ اصل بتا کر جے آئی ٹی میں دی جب کہ ریڈلے کی رپورٹ میں اسے خود ساختہ اور جعلی قرار دیا گیا ٗ ملزمان نے عدالت میں کوئی ٹرسٹ ڈیڈ نہیں دی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ نواز شریف کے بطور وزیراعظم قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ کرپشن سے جائیداد بنانے والا جائیداد اپنے نام پر نہیں رکھتا اور ان کا یہ بیان بطور ثبوت استغاثہ کی طرف سے عدالت میں پیش کیا گیا۔سردار مظفر عباسی نے کہا کہ ہمارا کیس بھی یہی ہے کہ نواز شریف نے اپنے بچوں کے نام جائیداد بنائی، پبلک آفس ہولڈر کرپشن کے پیسے سے جائیداد بناتا ہے تو اپنے نام پر نہیں رکھتا۔ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق کیلبری فونٹ 2007 سے پہلے کمرشل استعمال کے لیے دستیاب نہیں تھا اور ریڈلے رپورٹ کے مطابق دستاویزات میں جعلسازی پائی گئی ہے۔سردار مظفر عباسی نے کہا کہ ریڈلے کے بیان اور رپورٹ کے بعد ملزمان نے کسی ایکسپرٹ کو بطور گواہ پیش نہیں کیا۔گزشہ روز ہونے والی سماعت کے دوران سردار مظفر عباسی کا حتمی دلائل کے دوران کہنا تھا کہ نواز شریف ہی لندن فلیٹس کے اصل مالک ہیں اور آف شور کمپنی کے ذریعے اصل ملکیت چھپائی گئی۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب کے مطابق سامبا بینک کا خط مریم نواز کو لندن فلیٹس کی بینیفشل مالک ہونے سے جوڑتا ہے جب کہ موزیک فونیسکا کے خطوط مریم نواز کے بینفشل آنر ہونے کے ناقابل تردید دستاویزی شواہد ہیں۔