ووٹرز کی تفصیلات لیک، الیکشن کمیشن نے چیئرمین نادرا کو خط لکھ دیا

 
0
303

اسلام آبادجون 19(ٹی این ایس) ووٹرز کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کو خط لکھ دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ نادرا حکام نے ووٹرز کا ڈیٹا غیر متعلقہ افراد کو جاری کیا اور اس اقدام کے باعث ڈیٹا الیکشن کمیشن پہنچنے سے پہلے ہی غیر متعلقہ افراد کے پاس پہنچ گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت نادرا ووٹرز کا ڈیٹا کسی سے شیئر نہیں کرسکتا اور نادرا نے ایسا کر کے الیکشن کمیشن کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین نادرا سے مطالبہ کیا کہ ڈیٹا جاری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حال ہی میں چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا اس حوالے سے الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان نے عثمان مبین کو عہدے سے ہٹانے کے لیے پٹیشن بھی تیار کرلی اور انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو بھی چیئرمین نادرا کے خلاف آواز اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔نادرا کی طرف سے ووٹرز کا ڈیٹا غیر متعلقہ افراد کے ہاتھوں میں پہنچنے کے الزام پر تین بڑی جماعتوں نے چیئرمین نادرا کو عہدے سے ہٹانے پر اتفاق کر لیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور پاکستان تحریک انصاف کے شبلی فراز نے چیئرمین نادرا کو عہدے سے ہٹانے پر اتفاق کیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ چیئرمین نادرا کو اس حوالے سے اپنی پوزیشن کلیئر کرنی چاہیے اور اگر وہ وضاحت نہیں دے پاتے تو پھر انہیں ذمہ داری قبول کرنی پڑے گی۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چیئرمین نادرا سے انتخابی ڈیٹا جاری کرنے کی وضاحت طلب کرنے کا تعلق تحریک انصاف کے مطالبے سے نہیں۔اپنے وضاحتی بیان میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ نادرا کے ڈیٹا جاری کرنے کے معاملہ پر پی ٹی آئی کی درخواست موصول ہوئی اور نا اس وضاحت کا تعلق کسی سیاسی جماعت کے مطالبے سے ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ڈیٹا لیک معاملے پر نادرا سے 31 مئی تک وضاحت طلب کی گئی تھی اور اب تک ووٹر فہرستوں کی تفصیلات پر وضاحت نہیں دی گئی۔دوسری جانب عمران خان کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کو ڈیٹا فراہم کرنے کے الزام پر نادرا حکام کا کہنا ہے کہ نادرا نے کسی قسم کا ڈیٹا کسی بھی سیاسی جماعت کو نہیں دیا، دھاندلی کے الزامات بیبنیاد اور من گھڑت ہیں۔ترجمان نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ادارے کا عام انتخابات کے انعقاد میں محدود کردار ہے، نادرا الیکشن کمیشن کی آئین کے تحت تکنیکی مدد کر رہا ہے۔