ملی مسلم لیگ کا انتخابات کیلئے265 امیدوار میدان میں لانے کا دعویٰ

 
0
294

لاہور جون 21(ٹی این ایس): ملی مسلم لیگ (ایم ایم ایل) نے آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جس کے مطابق وہ قومی اسمبلی کی 80 اور صوبائی اسمبلیوں کی 185 نشستوں سے اللہ اکبر تحریک (اے اے ٹی) کے انتخابی نشان پر امیدوار الیکشن کے لیے میدان میں اتارے گی۔ایم ایم ایل کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق لاہور سے قومی اسمبلی کی چار نشستوں این اے 125، این اے 132، این اے 133، اور این اے 134 سے امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے۔علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت سے پنجاب اسمبلی کی16 نشستوں پر ایم ایم ایل کے امیدوار اے اے ٹی کے ٹکٹ پر میدان میں ہوں گے۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جماعت الدعوۃ کے ساتھ تعلقات کے سبب ایم ایم ایل کی رجسٹریشن پر پابندی عائد کردی تھی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اس فیصلے کے بعد ایم ایم ایل نے غیر معروف لیکن الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت اے اے ٹی کے ساتھ الحاق کا اعلان کیا تھا۔اللہ اکبر تحریک الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے جس کے سربراہ میاں احسان باری ہیں اور انہیں ’کرسی‘ کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے، یہ جماعت 2011 میں رجسٹرڈ ہوئی تھی تاہم یہ 2013 کے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکی تھی۔ اے اے ٹی کے سربراہ میاں احسان باری نے کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ الحاق کی خبروں کر مسترد کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم ایل نے اے اے ٹی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا ہے جن کی تعداد 300 سے زائد ہے۔