نادرا نے عام انتخابات 2018ء میں دھاندلی روکنے کے لئے موبائل اپیلی کیشن بنا دی جسکے باعث اب دھاندلی مشکل ہی نہیں ، ناممکن ہوجائیگی

 
0
380

اسلام آباد، جون 23 (ٹی این ایس):   نادرا نے عام انتخابات 2018ء میں دھاندلی روکنے کے لئے الیکشن کمیشن کو موبائل اپیلی کیشن بنا کر دے دی ہے۔ یہ ایپ تمام پریذائیڈنگ افسران کے موبائل فونز میں ہو گی جس کی مدد سے وہ انتخابی نتائج کے حوالے سے تمام ڈیٹا فی الفور براہ راست الیکشن کمیشن کو منتقل کر دیں گے۔ انتہائی معتبر ذرائع نے ’’ٹی این ایس ‘‘ کو بتایا ہے کہ اس سسٹم سے فارم 14 میں ردوبدل ممکن نہیں ہو سکے گا۔ فارم 14 میں پارٹیوں کے امیدواروں اور نتائج کی تفصیلات ہوتی ہیں۔ فارم 14 پر یہ بھی لکھا ہوتا ہے کہ کس امیدوار کو کتنے ووٹ پڑے، کتنے مسترد ہوئے اور کتنے منسوخ ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ نادرا کی اس موبائل ایپ کے ذریعے پولنگ ختم ہونے کے 1 سے 2 گھنٹے کے اندر ہر پولنگ سٹیشن اپنا رزلٹ الیکشن کمیشن کو بھیج دے گا جس کے بعد رزلٹ کی کاپی ریٹرننگ افسر کو بھجوائی جائے گی۔ موبائل ایپ کی وجہ سے پریذائیڈنگ افسر کی طرف سے ریٹرننگ افسر کو بھیجے گئے نتائج میں ردوبدل نہیں ہو سکے گا اور اگر کہیں ردوبدل ہوا تو فوری پتہ چل سکے گا کہ یہ کس نے کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، نادرا نے پنجاب سمیت ملک بھر میں پریذائیڈنگ افسروں کو ٹریننگ دینا شروع کر دی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ موبائل فونز میں ایپس کو چلانے کے لئے نیٹ ورک سے منسلک رکھنے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہو گی۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایسے علاقے جہاں انٹرنیٹ کے حوالے سے مشکلات درپیش آ سکتی ہیں، وہاں ان کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں۔