کراچی جون 25(ٹی این ایس):مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم قومی اتحاد کی قیمت پر نہیں بن سکتا،اگر اللہ نے چاہا اور موقع ملا تو بھاشاڈیم پر 5سال میں 70سے 80فیصد کام ہو جائے گا اور اس ڈیم سے 4ہزار میگا واٹ بجلی پید ا ہو گی۔شہبازشریف کافیڈریشن ہاوس میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی کے لئے صرف صوبائی حکومت کے بجٹ میں مختص رقم کافی نہیں ہو گی ،صرف صوبائی فنڈز پر انحصار نہ کیاجائے،وفاقی حکومت کو بھی کراچی کے لئے بجٹ میں سالانہ فنڈ مختص کرناہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہماری حکومت آئی تو کراچی میں خوف کا عالم تھا،،بھتاخوری،ٹارگٹ کلنگ،دہشتگردی تھی،توانائی بحران کے باعث برآمدات کونقصان پہنچ رہاتھا لیکن ہماری حکومت نے کراچی کی روشنیاں بحا ل کیں،2013میں پاکستان کوتوانائی ،دہشتگردی کے2بڑے چیلنج درپیش تھے اور ہماری حکومت نے دونوں مسائل پر قابو پایا،غلط بیانی یاخود نمائی سے کام نہیں لینا چاہیے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ 90فیصد حل کردیا ہے ،بجلی کے 4پلانٹس میں 112 ارب روپے کی بچت ہوئی، سی پیک ن لیگ حکومت کے دور میں آیااورسی پیک پہلے آجاتا اگر 6مہینے دھرنے نہ ہوتے،دھرنوں میں قوم کا قیمتی وقت ضائع کیاگیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی کی کارکردگی کے سوا ووٹ دینے کاکوئی پیمانہ نہیں ہوسکتا،5سال کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی، اب عوام ہمیں کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔کالا باغ ڈیم کے حوالے سے شہباز شریف کامزید کہنا تھا کہ کا لا باغ ڈیم قومی اتحاد کی قیمت پر نہیں بن سکتا،اگر اللہ نے چاہا اور موقع ملا تو بھاشاڈیم پر 5سال میں 70سے 80فیصد کام ہو جائے گا اور اس ڈیم سے 4ہزار میگا واٹ بجلی پید ا ہو گی اور 3سال میںکراچی کے ہر گھر میں پانی ہو گا۔