برلن میں بے نظیر بھٹو شہید کی65 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا

 
0
384

برلن جون 25 (ٹی این ایس)منور علی شاہد، فرینکفرٹ پاکستان کی سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہیدکی65 ویں سالگرہ کے موقع پر پارٹی کے جیالے کارکنوں اور راہنماؤں نے ایک تقریب میں کیک کاٹا اور اپنی شہیدقائد کے جمہوری مشن کو جاری رکھنے کا عہد کیا پاکستان پیپلز پارٹی برلن جرمنی کی نئی قیادت کی جانب سے اس تقریب کا اہتمام
مقامی ریسٹورنٹ میں کیا گیا جس میں برلن پی پی پی کے نئے نامزد صدر ملک منظور حسین، سینئر نائب صدر جاوید چوہدری سمیت دیگر پارٹی کے راہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا اس کے بعد پارٹی کے سنیئر رہنما سید مجاہد حسین شاہ نے نے بی بی شہید بارے لکھی سید شوکت رضا کی نظم پڑھی جس میں بی بی کی جمہوری خدمات کو خراج تحسین پیش کیا بعد ازاںقیصر ملک نے اپنی پنجابی نظم شرکاء کے سامنے پڑھی اور اپنی قائد کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی برلن کے حال ہی میں نامزد ہونے والے نئے صدر ملک منظور حسین نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ ہم اپنی قائدکی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم سب مل کے ان کے مشن کو جاری رکھیں گے جس کے لئے انہوں نے اپنی قیمتی جان کی قربانی دی۔ منظور اعوان نے مزید کہا کہ اس موقع پر وہ اپنی مرکزی قیادت کے مشکور ہیں کہ انہوں نےمجھ پر اعتماد کیا اور یہ اہم ذمہ داری مجھے سونپی اور میں بھی ان کی توقعات پر اترنے کی پوری کوشش کروں گا اور میں اپنے ساتھی راہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ مل کر پارٹی کے بہترین مفاد کے لئے کام کروں گا۔ اس موقع پر جاوید چوہدری سنیئرنائب صدر نے اپنے کلمات میں اپنے عزم کو دہرایا کہ میں پارٹی قیادت کو مایوس نہیں کروں گا اور ان کی راہنمائی میں پارٹی کے لئے ممکنہ طور پر بہت کام کرنے کی کوشش کروں گا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض قیصر ملک نے ادا کئے بعد ازاں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں شرکت کرنے والوں میں سید مبشر حسین شاہ، فاروق شاہ ، سہیل انور خان، شیخ صلاح الدین ، ظہور احمد ، یار محمد خان، رانا محمد اعظم، حاجی صدیق اکبر، میاں عمران الحق صدر منہاج القرآن برلن ، ملک محمد ایوب سابق صدر پی پی برلن، میاں اکمل لطیف ، ساجد محمود، چوہدری مہندی خاں، ملک ملازم حسین اعوان ، شیخ طارق جاوید جمنا ، حاجی عبد الحمید،سید ذولفقار حیدر شاہ ، محمد ارشاد، ظہور شاہ اور دیگر ساتھیوں نے شرکت کی۔