ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی جانب سے واٹربورڈ کے ریٹائر اور وفات پاجانے والے ملازمین کو واجبات کی جلد از جلد ادائیگی کی ہدایت جاری

 
0
1853

کراچی جون26 (ٹی این ایس)ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے واٹربورڈ کے ریٹائر اور وفات پاجانے والے ملازمین کو واجبات کی جلد از جلد ادائیگی کی ہدایت جاری کردی ہے ، جبکہ آئندہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے فوری بعد واجبات کی ادائیگی ممکن بنانے اور انتقال کرجانے والے ملازمین کے ورثا کو چند ہفتوں میں واجبات ادا کرنے کے احکامات دے دیے ایم ڈی واٹربورڈ کے جاری ان احکامات سے واٹربورڈ کے حاضر سروس ریٹائر ملازمین کے علاوہ مرحوم ملازمین کے ورثا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ نے پیر کی صبح اچانک واٹربورڈ کے صدر دفتر کا دورہ کیا وہ شعبہ مالیات سمیت مختلف دفاتر میں گئے اور افسران و ملازمین سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے علاوہ ان کے مسائل بھی معلوم کیے ،بعد ازاں ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے تمام ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران کے نام ایک فوری مراسلہ جاری کیا جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ واٹربورڈ کے تمام ریٹائر ملازمین اور وفات پاجانے والے ملازمین کو جلد از جلد واجبات کی ادائیگی کردی جائے۔انہوں نے واٹربورڈ کے تمام شعبہ جات کے سربراہان اور ڈرائنگ و ڈسبرسنگ افسران کو پابند کیا کہ وہ آئندہ ریٹائر ہونے والے ہرملازم کی مدت ریٹائرمنٹ سے قبل واجبات کی ادائیگی کیلیے کارروائی شروع کردیں۔کارروائی مکمل ہونے کے بعد فور ی طور پر اسے ڈائریکٹر فنانس کو ریٹائرہونے والے ملازم کی مدت ریٹائرمنٹ سے کم از کم ایک ماہ پہلے بھیج دیا جائے بصورت دیگر ذمے دار افسران سے باز پرس اور کارروائی کی جائے گی