عام انتخابات: یورپی یونین کے مبصرین کی ٹیم آج اسلام آباد پہنچے گی

 
0
324

عام انتخابات 2018 آئندہ ماہ 25 جولائی کو ہونے جارہے ہیں۔
اسلام آباد جون27 (ٹی این ایس) پاکستان میں انتخابی عمل کے جائزے کے لیے یورپی یونین کی مبصر ٹیم آج اسلام آباد پہنچے گی۔مشن کے سربراہ مائیکل گالر کہتے ہیں کہ مردم شماری کے سبب کئی حلقوں میں ووٹروں کی نمائندگی بہتر ہوئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی چیزوں پر سیاسی تنازعات ہوسکتے ہیں مگر الیکشن کمیشن بڑی حد تک صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب رہا ہے۔واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 آئندہ ماہ 25 جولائی کو ہونے جارہے ہیں۔گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین اور میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا تھا۔الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق 16 شقوں پر مشتمل ہے، جس کی خلاف ورزی پر عالمی مبصر مشن کا اجازت نامہ منسوخ کیا جاسکتا ہے جبکہ بین الاقوامی مبصرین اور میڈیا کو حلف نامہ بھی جمع کرانا ہوگا۔ضابطہ اخلاق کے مطابق بین الاقوامی مبصرین کو پاکستان کی خودمختاری، شہریوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کا خیال رکھنا ہوگا۔ضابطہ اخلاق کے مطابق بین الاقوامی میڈیا اور مبصرین سیاسی وابستگی اور امیدواروں سے غیرجانبدارانہ رویہ رکھنے کے پابند ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق بین الاقوامی مبصر اپنی ذاتی رائے ذرائع ابلاغ میں نہیں دے سکے گا، تاہم مبصر تنظیموں کا نامزد شخص جنرل الیکشن پر رائے دے سکے گا۔ضابطہ اخلاق کے مطابق مبصر تنظیم عام انتخابات پر تجاویز سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گا اور ویزا ختم ہونے پر عالمی مبصرین مزید قیام نہیں کرسکیں گے۔